عامر کی ورلڈ کپ سکوا ڈ میں شمولیت پر سوالیہ نشان لگ گیا
لاہور(آن لائن) گزشتہ ایک سال سے ون ڈے فارمیٹ میں مسلسل خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد فاسٹ باؤلر محمد عامر کے پاکستانی ون ڈے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل سے مشکل ہوتا جارہا ہے اور اب ان کی جگہ جنید خان ون ڈے ٹیم میں شامل ہونے کے مضبوط امیدوار ہیں، ایسا لگ رہا ہے کہ اگر عامر نے اپنی کارکردگی بہتر نہ بنائی تو وہ انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ نہیں بن پائیں گے،محمد عامر نے جنوبی افریقہ کیخلاف3 ون ڈے میچز میں 51کی اوسط سے 2 شکار کیے اور انکا اکانومی ریٹ4.63 رہا۔پروٹیز کیخلاف سیریز کے دوران ٹیم انتظامیہ نے ایک بار پھر یہی بات نوٹ کی کہ عامر کی رفتار بھی پہلے سے بہت کم ہوچکی ہے اور وہ رائٹ ہینڈ بلے باز کو ان سوئنگ کروانے میں بھی ناکام رہے ہیں جبکہ ان کی جگہ ایشیاء کپ کھیلنے والے جنید خان نے اس ایونٹ میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا تاہم نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل وہ ان فٹ ہوکر ٹیم سے باہر ہوئے ،جنید خان بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں اچھی رفتار اور ردھم کیساتھ باؤلنگ کر رہے ہیں اور 6میچز میں 11شکار کرچکے ہیں ، پاکستان کی اگلی سیریز مارچ کے آخر میں ہو گی اور اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں عامر کی فارم اور فٹنس ان کے ون ڈ ے فارمیٹ میں مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔2017 ء میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف تین وکٹوں کے شاندار سپیل کے بعد سے عامر آخری 10 ون ڈے میں صرف تین شکار کرسکے ہیں اور پروٹیز کیخلاف سیریز سے قبل آخری 5 ون ڈے میچز میں وہ ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے تھے۔